Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • طالبان نے افغان حکومت اور امریکہ کو حملہ کی دھمکی دی

طالبان نے نیا موقف اختیار کرتے ہوئے امریکہ اور افغان حکومت کو حملے کی دھمکی دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بدھ کے روز افغانستان میں طالبان قیدیوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، قطر سمجھوتے پر عمل درآمد کا ذمہ دار ہے اور طالبان قیدی اگر کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر مرتے ہیں تو سخت انتقام لیا جائے گا۔

طالبان ترجمان نے بین الاقوامی اداروں سے اپیل بھی کی کہ طالبان قیدیوں کے سلسلے میں سیاسی رویہ اختیار نہ کریں اور اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کریں۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں کابل حکومت کی جانب سے اب تک تقریبا ساڑھے پانچ سو طالبان قیدی اور طالبان کی جانب سے لگ بھگ ساٹھ حکومتی قیدی رہا کئے جا چکے ہیں۔

افغان حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے افغانستان سے جنگ و خونریزی کا خاتمہ کرنے کے لئے طالبان کے قیدیوں کو رہا کیا ہے مگر اس گروہ نے جنگ بندی کے لئے افغان حکومت کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

ٹیگس