May ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۳ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ صیہونی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کرے: فلسطینی وزیر اعظم

فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ سے غرب اردن کے علاقوں کو قبضائے جانے کے منصوبے کی روک تھام کے لئے صیہونی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

محمد اشتیہ نے منگل کے روز اقوام متحدہ میں فلسطینی عوام کے ناقابل انکار حقوق سے متعلق کمیٹی کی آنلاین ویڈیو کانفرنس میں دنیا کے تمام ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کو ایک آزاد ملک کی حیثیت سے تسلیم کریں۔

فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے وزیر اعظم نے اسی طرح صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے بارے میں تحقیقات کے لئے بین الاقوامی عدالت کے فیصلے پر عالمی برادری کی جانب سے کی جانے والی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے صیہونی حکومت کے غاصبانہ اہداف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی حکام اور گروہ، اسرائیل کے غاصبانہ منصوبے پر عمل درآمد تک کا انتظار نہیں کریں گے اور وہ منگل کو صیہونی حکومت کے اس غاصبانہ منصوبے پر ردعمل کے اظہار کے لئے رام اللہ میں اپنا اجلاس تشکیل دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ صیہونی حکومت نے جولائی سے اپنے اس غاصبانہ منصوبے پر عمل درآمد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق غرب اردن کے بعض علاقوں کو اس نے مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹیگس