May ۳۰, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • یمن کے مستعفی صدر کی حالت تشویشناک

یمن کے ذرائع نے کہا ہے کہ یمن کے مستعفی صدر عبد ربه منصور ہادی کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔

یمن نیوز کی رپورٹ کے مطابق یمن کے مستعفی صدرعبد ربه منصور ہادی کی طبیعت خراب ہوئی ہے اور ان کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔

در ایں اثنا یمن کی سرگرم سیاسی شخصیت منیر الماوری نے کہا ہے کہ عبد ربه منصور ہادی کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انکی حالت بگڑ گئی اور وہ علاج کے لئے امریکہ نہیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے منصور ہادی کو بات کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ چلنے پھرنے سے معذور ہیں۔

منصور ہادی نے بائیس جنوری دوہزار پندرہ کو وزیر اعظم خالد بحا کی حکومت ختم ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ وہ اکیس فروری کو دارالحکومت صنعا سے عدن فرار ہوگئے تھے اور وہاں سے انہوں نے اپنا استعفی واپس لینے اور کابینہ کی بحالی کا اعلان کیا تھا اور اب وہ گزشتہ 5 سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے ۔

 سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات، اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی شہید کردیا ہے لیکن اس کے باوجود سعودی عرب یمن پر مسلط کردہ جنگ میں اپنے اہداف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔

ٹیگس