May ۳۰, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • عراق کے بعض علاقوں میں داعشی عناصر کا خاتمہ

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے کہا ہے کہ اس ملک کے مشرقی صوبے دیالہ سے دہشتگرد گروہ داعش کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے اعلان کیا کہ حشد الشعبی کی تیئیسویں اور چوبیسویں بٹالین کی کاروائیوں میں صوبہ دیالہ کے بعقوبہ ضلع کی حمرین ندی کے اطراف سے داعشی عناصر کا صفایا اور دہشتگردوں کے دو خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔

الحشد الشعبی نے داعش دہشتگردوں کے باقیات کا ایک ڈرون بھی تباہ کر دیا۔ الحشد الشعبی کے جوانوں نے صوبہ دیالہ میں دہشتگرد گروہ داعش کا سب سے بڑا خفیہ ٹھکانا بھی اپنے اختیار میں لے لیا۔ صوبہ دیالہ میں الحشد الشعبی کے انفارمیشن سینٹر کے انچارچ صادق الحسینی نے شفق نیوز ویب سائٹ کو اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ الحشد الشعبی کے جوانوں نے ایک اسپیشل آپریشن میں سیکورٹی اہلکاروں اور فضائیہ کی مدد سے حمرین ندی کے مضافات میں واقع داعش کے کئی خفیہ اڈوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

صادق الحسینی نے کہا کہ سیکورٹی اہلکار کافی عرصے سے کوشش کے باوجود داعش کے اس خفیہ اڈے میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ الحسینی نے بتایا کہ اس خفیہ اڈے میں بم اور بارودی سرنگیں تیار کرنے کے کئی کارخانے موجود تھے۔

دوسری جانب عراق کی وزارت داخلہ نے دار الحکومت بغداد میں داعش دہشتگرد گروہ کے ایک سرغنہ کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔ روسیا الیوم کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ انٹیلیجنس اور انسداد دہشتگردی کے ادارے نے داعش کے اس سرغنہ کو بغداد میں ایک سیکورٹی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق داعش کا یہ سرغنہ عراقی فورسز کے ذریعے موصل شہر  کو آزاد کرانے کی ایک کارروائی کے دوران زخمی ہو گیا تھا۔

عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کی شکست کے باوجود اب بھی اس دہشتگرد گروہ کے کچھ عناصر ملک کے مختلف علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں اور موقع ملنے پر دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں ۔عراقی فوج اور رضاکار فورس الشحد الشعبی نے ملک کے مختلف علاقوں کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لئے اب تک مختلف کارروائیاں انجام دی ہیں جن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ٹیگس