May ۳۱, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۱ Asia/Tehran
  • مغربی یمن پر جارح سعودی اتحاد کا حملہ، بیس افراد شہید  اور زخمی

سعودی عرب کے جارح اتحاد نے مغربی یمن کے الحدیدہ صوبے پر توپخانے سے شیلنگ کر کے بیس افراد کو شہید اور زخمی کر دیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی قیادت والے جارح سعودی اتحاد نے اتوار کے روز الحدیدہ صوبے کے حی الزہور علاقے پر توپخانے سے فائرنگ کی۔ اس حملے میں چار عام شہری جاں بحق اور سولہ دیگر زخمی ہو گئے۔ جارح اتحاد کے فوجیوں نے اس حملے میں الحدیدہ صوبے میں یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورس کے ٹھکانوں پر توپ کے ایک سو نو گولے فائر کیے۔

 

اس اتحاد کے جنگی طیاروں نے بھی پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔

یاد رہے کہ یمن کے الحدیدہ صوبے میں سن دو ہزار اٹھارہ میں سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں ہونے والے سمجھوتے کے تحت فائر بندی نافذ ہے جس کی سعودی اتحاد مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

سعودی عرب نے امریکا، متحدہ عرب امارات اور کچھ دیگر ممالک کی مدد سے مارچ سن دو ہزار پندرہ میں یمن پر حملہ کر دیا تھا جو اب بھی جاری ہے۔ اس نے اسی طرح اس غریب عرب ملک کا بری، بحری اور فضائي محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔ سعودی اتحاد کے حملوں اور غیر انسانی محاصرے کی وجہ سے اب تک یمن کے سولہ ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق، دسیوں ہزار زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔

ٹیگس