Jun ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • غرب اردن کے علاقوں کو قبضائے جانے کی بابت فلسطین کا انتباہ

فلسطینی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے مزید علاقے قبضانے کے لئے صیہونی حکومت کے منصوبے پر عمل درآمد سے علاقے میں خطرناک ترین بحران اور بدامنی پیدا ہو گی۔

فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے مشیر محمود الہباش نے کہا ہے کہ صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو، علاقے کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل اور جنگ کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل میں شامل کئے جانے کے نتیجے میں ممکنہ طور پر، ہر فلسطینی ایک دھماکے کا باعث بن سکتا ہے۔

محمود الہباش نے غاصبانہ قبضے کے منصوبے پر عمل درآمد کا ذمہ دار، نتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تل ابیب کو یا تو سن سڑسٹھ کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک فلسطینی مملکت کو تسلیم اور یا پھر علاقے میں شدید ترین بحران و بدامنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکام نے جولائی کے آخر تک غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کئے جانے کے منصوبے پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس