Jul ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • طالبان کو افغان حکومت کا انتباہ

افغانستان کے نائب صدر نے خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان جنگ سے باز نہں آئے تو کابل حکومت بھی امن کے عمل کے سلسلے میں ان کے ساتھ کئے جانے والے اپنے معاہدوں پر نظر ثانی کرے گی۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب صدر سرور دانش نے کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت ملک میں امن و استحکام کی غرض سے اپنے تمام معاہدوں اور وعدوں پر کاربند ہے تاہم وہ طالبان سے بھی معاہدوں کی پاسداری کرنے کی خواہاں ہے۔ افغانستان کے نائب صدر نے کہا کہ طالبان اور اس گروہ کی حمایت کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ وہ تشدد کے راستے سے اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کر سکیں گے اور طالبان نے اگر افغان عوام کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا تو حکومت بھی ملک اور بے گناہ عوام کے دفاع میں ہر طرح کی کارروائی پر غور کرے گی۔

افغانستان کی قومی سلامتی کونسل نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے روزانہ تقریبا چالیس حملے کئے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان نے قیام امن کے سلسلے میں اپنے تمام قیدیوں کی رہائی کی شرط عائد کی ہے اور قطر سمجھوتے کے تحت کابل حکومت نے ان قیدیوں کی رہائی کا وعدہ بھی کر لیا ہے مگر افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ٹیگس