Jul ۰۷, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
  • ابوجا میں شیخ زکزکی کے حامیوں کا مظاہرہ

نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ زکزکی کے حامیوں نے اس ملک کے دارالحکومت میں پرامن مظاہرہ کر کے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائي کا مطالبہ کیا ہے۔

منگل کے روز ابوجا نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزکی کے بہت سے حامیوں نے نائیجیریا حکومت کی جانب سے ان کی گرفتاری اور انھیں قید رکھے جانے کے خلاف ایک پرامن مظاہرے میں حصہ لیا۔ مظاہرے میں شریک افراد نے، جن میں متعدد خواتین بھی تھیں، شیخ زکزکی کی تصاویر اٹھا رہی تھیں۔ مظاہرین ان کی فوری اور غیر مشروط آزادی کے نعرے لگا رہے تھے۔

یاد رہے کہ آج سے تقریبا پانچ سال قبل نائیجیریا کی فوج اور سیکورٹی فورسز نے ملک کے شمال میں واقع شہر کادونا میں شیخ زکزکی کے گھر پر وحشیانہ طریقے سے حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے تھے۔ نائیجیریا کی فوج نے تحریک اسلامی کے رہنما شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ زینت ابراہیم کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس وقت جیل میں ان کی جسمانی حالت انتہائي ابتر ہے جس پر عالمی سطح پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔

حال ہی میں شیخ زکزکی کی ایک بیٹے محمد ابراہیم زکزکی نے بتایا ہے کہ نائیجیریا کی حکومت نے شیخ زکزکی کے چھے بچوں کو قتل کر دیا ہے اور اب ان کے صرف تین بچے زندہ بچے ہیں۔

ٹیگس