Jul ۳۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • عالم اسلام میں عید الاضحیٰ جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ساتھ آج مختلف ممالک میں بھی، یادگار خلیل خدا، عید بندگی، عید الاضحیٰ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں انسداد کورونا ہیڈ کواٹر نے آج علاقوں میں کورونا کی مختلف صورتحال کو دیکھتے ہوئے مختلف فیصلے کئے ہیں۔ ریڈ زون والے علاقوں میں نماز عید اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ وائٹ علاقوں میں نماز اور دیگر اجتماعات کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم طبی اصولوں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

ایران کے علاوہ عالم اسلام کے دسیوں ممالک میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بعض ممالک نے عید کے موقع پر کورونا وائرس کے باوجود نماز عید کے لئے اپنی مساجد کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بعض ممالک ایسے بھی ہیں جہاں مساجد میں نماز پر پابندی کو بدستور برقرار رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، قطر، فلسطین، لبنان، کویت، اردن، سوڈان اور تیونس میں نماز کے لئے مساجد اور عیدگاہوں کو کھول دیا گیا تاہم نماز کے اجتماعات کے موقع پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا، اس کے علاوہ مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین، شام عراق، لیبیا، مراکش الجزائر اور عمان نے مساجد میں نماز ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے اپنے گھروں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

یمن، سومالیہ، موریتانیا، اور جیبوتی بھی وہ ممالک ہیں جو آج عید الاضحیٰ کا جشن منانے میں مصروف ہیں۔ ترکی نے بھی عید کی مناسبت پر چار روز کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ان چھٹیوں میں کسی قسم کی محدودیت لاگو نہیں کی جائے گی تاہم عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

ہندوستان اور پاکستان میں آج نو ذی الحجہ اور یوم عرفہ ہے جبکہ عید کل بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

یاد رہے کہ عید الاضحیٰ جسے عید قربان یا بقرعید بھی کہا جاتا ہے، اسلامی کیلینڈر کے مطابق بارہویں مہینے کی دس تاریخ کو منائی جاتی ہے۔ یہ عید درحقیقت اظہار عبودیت و بندگی دن ہے۔ اس دن بندہ خلیل خدا حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے اپنے رب کی بارگاہ میں قربانی کرکے یہ اعلان کرتا ہے کہ وہ اپنے دین، آئین اور رب کی راہ میں سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے۔

* سحرعالمی نیٹ ورک خوشی و مسرت کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے*

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

ٹیگس