Aug ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۵ Asia/Tehran
  • کابل کے سفارتی اور غزنی کے رہائشی علاقوں پر راکٹ حملے

افغان دارالحکومت کابل کے سفارتی علاقے پر راکٹ حملوں کے نتیجے میں کم سے کم دس عام شہری زخمی ہوئے ہیں جبکہ صوبہ غزنی میں ہونے والے حملے میں پانچ عام شہری مارے گئے۔

ارنا نیوزکے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے کہا ہے کہ نامعلوم افراد نے افغانستان کے یوم آزادی اٹھارہ اگست کی صبح شہر کابل کے ڈپلومیٹک علاقے پر چودہ راکٹ فائر کئے۔

رپورٹ کے مطابق یہ راکٹ رہائشی مکانوں پر گرے جس کے نتیجے میں کم سے کم دس عام شہری منجملہ چار بچے اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔

افغان سیکورٹی اہلکاروں نے اس حملے کے سلسلے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابھی تک کسی شخص یا گروہ نے اس راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی کے شہر اندر پربھی نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں کم سے کم پانچ عام شہری جاں بحق ہوگئے۔ اس حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ راکٹ حملے ایسے عالم میں کئے گئے ہیں جب افغان حکومت اور طالبان گروہ کے درمیان جنگ کے خاتمے اور قیام امن کو لے کر براہ راست مذاکرات کے لئے قطر میں ایک سمجھوتہ طے پایا ہے تاہم ابھی تک یہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس