Sep ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۳ Asia/Tehran
  • بین الافغان مذاکرات کیلئے طالبان کی ٹیم کا اعلان

طالبان نے قطر میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات کے لیے اپنی مذاکراتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان کی 21 رکنی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی مولوی عبد الحکیم کریں گے جبکہ عباس ستناکزئی مذاکراتی ٹیم کے نائب سربراہ ہوں گے۔

محمد نعیم وردک کو قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کا ترجمان نامزد کیا گیا ہے۔

در ایں اثناء افغانستان کی قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ قطر میں طالبان اور امریکہ کے مابین نام نہاد معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد طالبان کے حملے بڑھ گئے ہیں۔

افغانستان کی قومی سلامتی کونسل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس ملک کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کرتے ہوئے کم از کم 130 افراد کو قتل اور 290 کو زخمی کیا ہے۔

افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے بیان میں آیا ہے کہ طالبان نے حملے کم کرنے کا وعدہ کرنے کے باوجود گزشتہ ایک ماہ کے دوران سمنگان، قندھار، ننگرھار اور سرپل میں درجنوں دھماکے کئے جن میں اکثر بے گناہ اور عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

مذکورہ بیان کے مطابق عام افراد کے خلاف اس قسم کے حملے جنگی جرائم شمار ہوتے ہیں۔

ٹیگس