Sep ۰۷, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • یمن نے سعودی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، فرانسیسی جریدے کے توہین آمیز اقدام کی مذمت کی

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے ابہا (Abha ) بین الاقوامی ایئرپورٹ پر یمنی فورسز نے ڈرون حملہ کیا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ السریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فورسز کے بمبار ڈرون طیاروں نے جنوبی سعودی کے ابہا ایئرپورٹ کے حساس فوجی اڈوں پر بمباری کی ہے۔ یحییٰ السریع کا کہنا تھا کہ یہ حملہ سعودی عرب کی مسلسل جارحیت اور یمن کے محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران جارح سعودی اتحاد نے یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنے حملے تیز کر دئے ہیں جس کے سبب اب تک سیکڑوں یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں خاصی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امریکی و صیہونی حمایت کے زیر سایہ اپنے اتحادیوں کے ہمراہ یمن کو گزشتہ ساڑھے پانچ برسوں سے شب و روز کی بنیادوں پر فضائی، زمینی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہیں جس کے سبب یمنی عوام بھکمری، قحط، دوا و غذا کی قلت اور وبائی بیماریوں کے سخت بحران سے روبرو ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب یمن کی تحریک انصار اللہ نے فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو کے ہاتھوں حضرت رسالتمآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں ہونے والی گستاخی کی مذمت کی ہے۔ انصار اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مغربی جرائد اور روزناموں کے اسلام مخالف پلیٹ فارم میں تبدیل ہوجانے پر اصرار سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ اشتعال انگیز رویہ کو اپنائے ہوئے ہیں اور وہ فکری و اخلاقی طور پر انحطاط کا شکار ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ بدنام زمانہ فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو نے گزشتہ منگل کو حضرت رسالتمآب کی شان میں کچھ ایسے توہین آمیز اور متنازعہ خاکے شائع کئے تھے جو اس سے قبل دو ہزار پانچ میں ڈینمارک کے ایک روزنامے میں شائع ہو چکے تھے۔

ٹیگس