Sep ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • بحرین بھی قبلۂ اول کے غداروں میں شامل ہونے کو تیار

صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ بدنام زمانہ جاسوسی کی اسرائیلی تنظیم موساد نے تعلقات کی بحالی کیلئے بحرین کے حکام کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل 12 کا کہنا ہے کہ  جاسوسی کی تنظیم موساد کے ڈائریکٹر یوسی کوہن نے بحرین کے ساتھ تعلقات کی استواری کے تناظر میں بحرین کے حکام سے روابط برقرار کئے ہیں۔

اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل نے بتایا کہ بحرین، امریکی دباؤ اور کوششوں کی وجہ سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور بحرین کے مابین روابط کی باضابطہ برقراری آئندہ دو ہفتے کے اندر متوقع ہے اور امریکہ میں ایک تقریب کے دوران اس کا اعلان کیا جائیگا۔

گزشتہ جمعرات کو بحرین نے امارات کو جانے والی اسرائیلی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود کھول کر عرب اسرائیل دوستی منصوبے میں اپنے باضابطہ چندے کی پہلی قسط جما کرا دی تھی۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور امارات کے باضابطہ تعلقات کا اعلان 13 اگست کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا۔

ٹیگس