Sep ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • ابہا ایئر پورٹ پر یمنی ڈرون طیاروں کا حملہ

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی جارحیت کے جواب میں ابہا کے ایئر پورٹ کو مسلسل تیسرے روز ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے صنعا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بدھ کو مسلسل تیسرے روز جنوبی سعودی عرب میں واقع ابہا کے ایئر پورٹ پر واقع حساس اور فوجی تنصیبات پر ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آس آپریشن میں اندرون ملک تیار کیے جانے والے قاصف کے ٹو نامی ڈرون طیاروں نے حصہ لیا۔ 

 یمن کی مسلح افواج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یمن پر سعودی جارحیت اور محاصرے کے جواب میں سعودی اتحاد کی اہم اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔ 

یمن کی مسلح افواج نے منگل کو جنوبی سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ پر واقع فوجی اہداف کو ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا تھا۔ 

ابہا سعودی عرب کا ایک ایسا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہے جہاں سعودی اتحاد کے جنگی طیارے یمنی عوام کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے لئے ایندھن بھرتے ہیں اور یمن کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانے کے لئے اس ہوائی اڈے کو استعمال کرتے ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے مآرب کے کئی علاقوں پر بمباری کی ہے اور غذائی اشیا لے جانے والے ایک ٹرک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے مآرب کے ماہلیه علاقے پر غذائی اشیاء کے حامل ایک ٹرک پر بمباری کر دی۔ ابتدائی خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ اس حملے میں کئی افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں۔

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گزشتہ روز ماہلیه علاقے پر بھی پندرہ مرتبہ بمباری کی  ہے۔ یمن کی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے چند روز قبل ماہلیه نامی علاقے کو جارح سعودی آلہ کاروں سے آزاد کرا لیا تھا۔ صوبہ مآرب ایک اہم اسٹریٹیجک علاقہ ہے جو یمن کے مرکزی علاقوں کو اس ملک کے جنوبی اور شمالی علاقوں سے ملاتا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب اپنی تمام تر وحشیانہ جارحیت کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے ۔

ٹیگس