Sep ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کے آثار نمایاں ہوئے

طالبان کا کہنا ہے کہ وہ 12 ستمبر سے شروع ہونے والے بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

افغان حکومت کی جانب سے 6 خطرناک طالبان قیدیوں کی رہائی کے بعد طالبان نے قطرکی میزبانی میں بین الافغان مذاکرات ہفتے سے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کا وفد آج بروز جمعہ دوحا کے لیے روانہ ہوگا۔

افغان صدارتی دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وفد میں اعلیٰ قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ، قائم مقام وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر، عبد السلام رحیمی اور وزیر مملکت برائے امن سید سعادت منصور نادری شامل ہیں۔

طالبان بھی مولوی عبد الحکیم کی قیادت میں اکیس رکنی وفد کا اعلان کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت، طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جبکہ طالبان کو حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کرنے ہوں گے۔

اسکے علاوہ امریکہ نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ٹیگس