Sep ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • رجعت پسند عرب حکام کو لگام دینے کے لئے عالمی اتحاد تشکیل دیا جائے: حماس

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے رہنما محمود الزہار نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات، ملت فلسطین کی پیٹھ میں خنجر گھونپنا، غاصبوں کے محاذ میں شمولیت اور مسئلہ فلسطین کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔

  

محمود الزہار نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب فلسطینی عوام، مقدس مقامات اور فلسطینی سرزمین کو غاصب صیہونیوں کے جرائم کا سامنا ہے، بحرین اور متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام فلسطینی عوام کے خلاف سیاسی، اخلاقی، تاریخی اور انسانیت سوز اقدام اور جرم ہے۔

تحریک حماس کے رہنما محمود الزہار نے صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے سمجھوتے کا مقابلہ کرنے کے لئے عرب قوم اور امت اسلامیہ کی تمام تحریکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے قیام کو لازمی قرار دیا۔ انہوں نے حتیٰ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکام کو معزول کرنے اور ان کے اقدامات کی مذمت کے لئے عوامی اور سرکاری دونوں سطح پر ایک مضبوط بین الاقوامی عربی و اسلامی محاذ تشکیل دینے پر زور دیا۔

محمود الزہار نے اس حساس دور میں عربی، اسلامی اور فلسطینی استقامتی تحریکوں کی بھرپور حمایت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کا ایک مقصد فلسطینی، اسلامی و عربی استقامتی تحریکوں کو نقصان پہنچانا ہے۔

تیرہ اگست کو صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی برقراری کے اعلان کے بعد عرب اسرائیل دوستی سمجھوتے کے ترجمان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گیارہ ستمبر کو بحرین اور صیہونی حکومت کے درمیان تجارتی تعلقات کی برقراری کی خبر دی اور اعلان کیا کہ بحرین اور اسرائیل نے بھی باہمی تعلقات پوری طرح برقرار کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

ٹیگس