Sep ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی فضائی حدود سےاسرائیل کی پہلی کمرشل پرواز بحرین پہنچی

سعودی فضائی حدود کواستعمال کرتے ہوئےاسرائیل سے پہلی براہ راست کمرشل پرواز بحرین پہنچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور بحرین کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے لیے فضائی راستے کھول دیئے ہیں اور اسرائیل سے پہلی براہ راست کمرشل پرواز بحرین پہنچ گئی۔

فضائی سفر کا ریکارڈ رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کے ڈیٹا سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی ایئرلائنز کی ایئربس اے 320 بدھ  کو اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے 3 گھنٹے کی مسافت طے کرکے بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جس کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود استعمال کی گئی۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے میں اہم سرکاری حکام پر مشتمل ایک وفد بحرین گیا ہے۔ گزشتہ روز صیہونی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد آل خلیفہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی تھی۔

واضح رہے کہ بحرین کے عوام،  ملک پر مسلط آل خلیفہ حکومت کے خلاف مظاہرے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی مذمت کر ر ہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی کاز سے غداری کرتے ہوئے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی موجودگی میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی مکمل برقراری کے سمجھوتے پر دستخط کیے۔

صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے لئے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اقدامات کی پوری اسلامی دنیا میں بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔

ٹیگس