Sep ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کا مقصد داعش کو زندہ کرنا تھا: نصراللہ

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضآکار فورس الحشد الشعبی کے نائب سربراہ جنرل ابو مہدی المھندس کو قتل کرنے کا امریکی مقصد، داعش دہشتگرد گروہ کو دوبارہ زندہ کرنا تھا۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے منگل کی شب ٹی وی پر اپنے ایک خطاب میں کہا کہ امریکیوں نے جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابو مہدی المھندس کو قتل کرنے کے بعد داعش دہشتگرد گروہ کو زندہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کو دوبارہ زندہ کرنے کا امریکی مقصد علاقے میں اپنے فوجیوں (دہشتگردوں) کی موجودگی کا جواز پیش کرنا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے لبنان کے داخلی امور میں فرانس کی مداخلتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی خواہش یہ ہے کہ لبنانی عوام ملک کی اکثریت کو کنارے ہٹا کر حکومت کی باگ ڈور اقلیتوں کے سپرد کر دیں۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ عرب امارات اور بحرین جیسی بعض عرب حکومتوں کے تعلقات کی بحالی کا ذکر جرتے ہوئے کہا کہ قومیں، صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے فیصلے کی حمایت نہیں کریں گی۔

سید حسن نصراللہ نے تیونس اور الجزائر کے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات قائم نہ کرنے کے موقف کو سراہتے ہوئے خبردار کیا کہ جو لوگ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ جلد ہی سمجھ لیں گے کہ ان کے اندازے غلط ہیں اور مستقبل میں یہ ثابت ہو جائے گا۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے نتن یاہو کے اس دعوے پر کہ حزب اللہ کے پاس بیروت کے ضاحیہ علاقے میں میزائل بنانے کا کارخانہ ہے، کہا کہ حزب اللہ کے میڈیا سیل نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کو الجناح - الاوزاعی علاقے کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ رائے عامہ کو حقائق سے باخبر کیا جا سکے۔

حزب اللہ لبنان نے صحافیوں کو بیروت میں الجناح تنصیبات کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ صیہونی حکومت کا جھوٹ کھل کر سامنے آ جائے۔ حزب اللہ لبنان کے میڈیا سیل کے سربراہ محمد عفیف نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ الجناح صنعتی مرکز ایک لبنانی شہری کی ملکیت ہے جس میں مزدور رہتے ہیں اور وہاں کوئی میزائل نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کو اس کا دورہ کرنے کی دعوت اس لئے دی گئی ہے تاکہ صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے الزامات اور لبنانی عوام کے خلاف ان کے اشتعال انگیز اقدامات دنیا کے سامنے آ جائیں۔

صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں یہ دعوی کیا تھا کہ بیروت کے الجناح مرکز میں حزب اللہ کے میزائل ذخائر کا پتہ چلا ہے ۔

ٹیگس