Oct ۰۳, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت میں کمسن بچہ شہید، 6 زخمی

جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن کے صعدہ ، صنعاء ، مآرب اور الجوف صوبوں کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔ اس درمیان یمن کی قومی تیل کی کمپنی کے ملازمین نے جارح سعودی اتحاد کے ذریعے آئیل ٹینکروں کو روکنے کے اقدام کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔

یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ ان حملوں میں ایک بچہ شہید اور چھے عام شہری جن میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے زخمی ہوگئے ہیں ۔درایں اثنا ایک فوجی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ الحدیدہ میں ایک سو چھے بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب یمن کی قومی تیل کمپنی کے ملازمین نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمنی آئل ٹینکروں کو روکے جانے کے خلاف دارالحکومت صنعا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے اجتماع کیا اور دھرنا دیا۔یمن کی نیشنل آئیل کمپنی نے ایک بیان میں اقوام متحدہ اور جارح سعودی اتحاد کو یمنی آئیل ٹینکروں کو روکے جانے سے پیدا ہونے والے نتائج کا ذمہ دار قرار دیا اور اعلان کیا کہ یمنی آئیل ٹینکروں کو جبرا روکے جانے اور جان لیوا محاصرے کے باعث چھبیس ملین سے زیادہ یمنیوں کی جان خطرے میں ہے ۔ یمن کی قومی تیل کمپنی کے اعلان کے مطابق اس وقت اس ملک کے انیس آئیل ٹینکروں کو جارح سعودی اتحاد نے روک رکھا ہے ۔

یمن کی قومی تیل کمپنی نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ جارح سعودی اتحاد جان بوجھ کران ٹینکروں کو یمن میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا ہے تاکہ اس طرح عوام پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈال سکے اور ان کے مسائل و مشکلات میں اضافہ کرے ۔

جارح سعودی اتحاد کے مکمل محاصرے کے باعث یمن کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت لاحق ہوگئی ہے ۔انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے نائب سربراہ مارک لوکوک نے ابھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ یمن کو تاریخ کے بدترین المیے کا سامنا ہے ۔سعودی عرب ، امریکہ ، متحدہ عرب اور چند دیگر ممالک کی حمایت و مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف فوجی جارحیت کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید اور لاکھوں بےگھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کی جارحیت اور محاصرے کے باعث غریب عرب ملک یمن کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے تاہم یمنی عوام کی استقامت کے باعث سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں ہو سکا ہے ۔

ٹیگس