Oct ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • طالبان مذاکرات پر پھر رضامند ہوئے

قطر میں افغان حکومت اور طالبان کی مذاکراتی ٹیموں نے اختلافی موضوعات پر اپنے مذاکرات دوبارہ شروع کر دئے ہیں۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان احمد نادر نادری نے خبر دی ہے کہ فریقین نے پیر کی شب ہونے والی نشست میں اختلافی مسائل پر اپنے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات گزشتہ بارہ روز سے تعطل کا شکار تھے جو اب پھر شروع ہو گئے ہیں۔

افغانستان کے نائب صدر سرور دانش نے بھی کہا تھا کہ حکومت نے طالبان کو پیشکش کی تھی کہ اختلافات کے حل کی بنیاد قرآن و سنت اور شریعت کو قرار دیا جائے لیکن طالبان، مذاکرات کی بنیاد امریکہ کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے اور حنفی فقہ کو قرار دینے پر اصرار کر رہے ہیں۔

یہ مذاکرات ایسے عالم میں شروع ہوئے ہیں کہ افغانستان کے امور میں امریکہ کے نمائندے کی قطر میں اشرف غنی حکومت اور طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ہونے والی ملاقات ناکام رہی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پیش نظر افغانستان میں عارضی جنگ بندی یا قیام امن کا دکھاوا کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

ٹیگس