Oct ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • مقبوضہ فلسطین میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت

فلسطینی انتظامیہ کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب انتظامیہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھ کر الحاق کے منصوبے پر عمل درآمد اور فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

صفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے فلسطینی زمینوں پر ہزاروں صیہونی مکانات کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری کی مذمت کی۔ 

فلسطینی وزارت نے اسرائیلی کابینہ کے اس اقدام کو مسئلہ فلسطین کی سیاسی حیثیت کو نابود کرنے سے تعبیر کیا ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے بھی مقبوضہ زمینوں پر صیہونی کالونیوں کی تعمیر کو تمام بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے صیہونیوں کے جارحانہ اقدامات پر بین الاقوامی حلقوں کی خاموشی اور اسرائیل کے ساتھ بعض عرب ممالک کے تعلقات کی بحالی  نیز  امریکی حکومت کی جانب سے غاصبوں اور ان کی پالیسیوں کی حمایت کی مذمت کی ۔

صیہونی حکومت کی پلاننگ کونسل نے بدھ کو غرب اردن میں دو ہزار ایک سو چھیاسٹھ نئے صیہونی مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے ۔

 تحریک حماس کے سینیئر رکن اسامہ حمدان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے حکمراں جو دعوی کر رہے ہیں کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی ملکوں کے مفاد میں ہے، انھیں یہ جان لینا چاہئے کہ صیہونی حکومت صرف اپنے مفاد پورے کرے گی۔

 

ٹیگس