Oct ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • سوڈان نے سیاسی انتہاپسندی سے کام لیا: حماس

حماس کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز کی سازش اپنے مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی ۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی اہداف کے تحت علاقے کی تقسیم کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی اور علاقے کا نقشہ تیار کرنے کا حق صرف علاقائی قوموں کو حاصل ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے سوڈان اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے کو ایک سیاسی انتہاپسندی سے تعبیر کیا جس سے قوم کے بعض سربراہوں کے درمیان کینہ و نفاق کی عکاسی ہوتی ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ سوڈان کے سمجھوتے سے سوڈانی قوم کی اصلیت اور اس کے تاریخی موقف کی عکاسی نہیں ہوتی۔ انہوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے مخالف سوڈانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسماعیل ہنیہ نے بتایا کہ حماس ایک وفد مصر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جو دونوں فریقوں کے مدنظر مسائل اور قومی اتحاد کا جائزہ لے گا۔