Nov ۱۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۹ Asia/Tehran
  • کنٹرول لائن پر بڑھتی کشیدگی کو لگام دی جائے: کشمیری رہنما

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی سابق حمکراں جماعت نے کنٹرول لائن پر کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی نیشنل کانفرنس نے ایل او سی پر گولہ باری سے ہوئے جانی اور مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاک و ہند کی سیاسی اور فوجی قیادت پر زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات اور کارروائیوں سے اجتناب کیا جائے جو انسانی جانوں کے اتلاف کا سبب بنیں۔

 پارٹی قیادت کا کہنا ہے اس قسم کے اقدامات سے دونوں پڑوسیوں میں جاری تناؤ اور کشیدگی   مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گولہ باری سے ہوئے جانی نقصان پر جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق آئے روز آر پار گولہ باری سے بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں، معصوم زخمی ہو رہے ہیں اور مال مویشی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

ایل او سی اور سرحد پر آر پار فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ آبادیوں کی کسمہ پرسی اور ناگفتہ بہ حالت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کہا ہے کہ حکومت کے بلند بانگ دعوے زمینی سطح پر کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر گولہ باری کے واقعات کو لے کر اسلام آباد اور نئی دھلی کے درمیان سفارتی تناؤ کی فضا بن گئی ہے۔  

 

ٹیگس