Nov ۱۵, ۲۰۲۰ ۰۰:۰۹ Asia/Tehran
  • مراکش اور پولیساریو محاذ کے درمیان جنگ بندی ختم

پولیساریو محاذ نے مراکش کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو منسوخ کردیا۔

 پولیساریو فرنٹ نے مراکش کے ساتھ  جنگ بندی کے معاہدے کو باضابطہ طور سے منسوخ کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مراکش کی حکومت اور پولیساریو فرنٹ کے درمیان جھڑپوں میں شدت آنے کے بعد مذکورہ فرنٹ نے رباط کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو منسوخ کئے جانے کی خبر دی ہے۔

پولیساریو فرنٹ ایک سیاسی فوجی تنظیم ہے جو جمہوری ڈیموکریٹک عربی صحرا کے نام سے شمال مغربی افریقہ میں ایک تیسرے علاقے کی اتھارٹی شمار ہوتی ہے۔ یہ علاقہ مراکش اور موریطانیہ کے درمیان واقع ہے۔

پولیساریو فرنٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کے سربراہ " ابراہیم عالی" نے اپنے ایک فرمان کے ذریعے رباط کے ساتھ جنگ بندی کے سمجھوتے کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مراکش کی حکومت نے اس سمجھوتے کی خلاف ورزی  کرتے ہوئے پولیساریو فرنٹ کے افراد پر حملہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق جمعرات اور جمعے کے دن الکرات کے علاقے میں  رباط اور پولیساریو کے زیر کنٹرول علاقے میں حد فاصل پر مراکش کی فوج نے پولیساریو محاذ کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔

پولیساریو فرنٹ نے اس سے پہلے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر مراکش کی فوج نے مغربی صحرا میں مداخلت کی تو رباط کے اس اقدام کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔

محاذ آزادی پولیساریو سنہ 1973 میں ہسپانوی استعمار کے خلاف ایک استقامتی گروہ کے طور پر وجود ميں آیا اور  سنہ 1976 میں مغربی صحرا میں جمہوریہ ڈیموکریٹک کے قیام کا اعلان کردیا ۔  موریطانیہ نے پولیساریو محاذ کے ساتھ مفاہمت کرلی تاہم مراکش کی حکومت کے ساتھ تنازعہ آج بھی جاری ہے۔

 

 

ٹیگس