Nov ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • افغانستان، غزنی میں دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد اکتیس ہو گئی

افغانستان کے صوبے غزنی میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں درجنوں افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی کے صدر مقام شہر غزنی کے قلعہ جوز علاقے میں واقع ایک فوجی مرکز میں اتوار کی صبح ایک کار بم دھماکہ ہوا جس میں اطلاعات ملنے تک اکتیس افراد جاں بحق اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے تھے۔
شدید طور پر ہونے والے زخمیوں کی تعداد کے پیش نظر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا ہے کہ کار بم دھماکے کے نتیجے میں چوبیس افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں متعدد کی حالت نازک ہے۔
تاحال کسی بھی گروہ یا شخص  نے دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
قطر کے دار الحکومت دوحہ میں افغانستان کی حکومت اور طالبان گروہ کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز کے بعد سے جو اس وقت تعطل کا شکار بھی ہیں، اب تک افغانستان کے مختلف علاقوں خاص طور سے تعلیمی مراکز اور یونیورسٹیوں میں دھماکے اور راکٹ حملے ہوتے رہے ہیں جن پر افغان حکام اور عوام اور اسی طرح مختلف ملکوں کے حکام منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
دریں اثنا افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور قومی مفاہمی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ کے درمیان ہنگامی ملاقات ہوئی ہوئی ہے جس میں افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
قطر میں بین الافغان اور طالبان کے ساتھ ہونے والے تعطل سے دوچار مذاکرات، افغانستان میں بدامنی، طالبان کے بڑھتے ہوئے حملے اور مسلسل جاری بم دھماکے نیز افغانستان میں قیام امن کے لئے علاقے کے ملکوں کا کردار ایسے مسائل ہیں کہ جن پر محمد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تبادلہ خیال ہوا۔
افغانستان کے مختلف علاقوں منجملہ کابل اور بامیان میں گذشتہ چند دنوں کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور بم دھماکے کہ جن میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگ مارے گئے اور زخمی ہوئے، افغان حکام میں شدید برہمی و تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں اور انھوں نے افغانستان میں قیام امن اور جنگ کے خاتمے کے بارے میں مذاکرات سے امید بالکل چھوڑ دی ہے۔
علاقے کے سیاسی مسائل کے بعض ماہرین، افغانستان میں بدامنی و عدم استحکام کو اس ملک میں امریکہ کی بیس سالہ شکست خوردہ موجودگی کا شرمناک نتیجہ قرار دیتے ہیں۔

ٹیگس