Jan ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • عالمی برادری انصاراللہ کے خلاف امریکی فیصلے کی مذمت کرے ، یمنی اسپیکر

یمن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مختلف ممالک کے پارلیمانی اسپیکروں اور بین الاقوامی پارلیمانی یونینوں اور سینیٹ کے سربراہوں کے نام اپنے مراسلے میں یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے خلاف امریکی فیصلے کی منسوخی کے لئے عالمی سطح پر سفارتی دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یمن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مختلف ممالک کے پارلیمانی اسپیکروں اور بین الاقوامی پارلیمانی یونینوں نیز سینیٹ کے سربراہوں کے نام اپنے مراسلے میں امریکہ کی طرف سے گذشتہ چھے برسوں سے  یمنی عوام کے خلاف  جارح سعودی اتحاد کی جارحیت کی  حمایت کی بنا پر واشنگٹن کو بین الاقوامی دہشت گردی کا حامی قرار دیے جانے  اور یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے خلاف امریکی فیصلے کی منسوخی کے لئے عالمی سطح پر سفارتی دباؤ ڈالے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یمن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد حسین العیدروس نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے لئے امریکہ کی حمایت، بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے قوانین و اصول کے منافی ہے اور یمنی عوام کے خلاف جارح ملکوں کی حمایت اور یمن کو تقسیم کرنے کی کوشش کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ  امریکہ کے ذریعے دنیا کے دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے نام کو شامل کیا جانا بحران یمن کے سیاسی حل اور اقوام متحدہ کی حمایت سے امن مذاکرات میں پیشرفت کے لئے منفی نتائج کا حامل ہے اور نتیجے میں یمن کے خلاف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سربراہی میں لاحاصل جنگ جاری رہنے کا باعث ہے اور امریکہ کے اس فیصلے سے علاقے کا امن و سلامتی بھی خاصی متاثر ہو گی۔

یمنی  اسپیکر نے کہا کہ یمن کی پارلیمنٹ عوامی تحریک انصاراللہ کو ایک سیاسی جماعت اور بیرونی جارح قوتوں کے مقابلے میں عوام کا ایک نمائندہ دھڑا سمجھتی ہے جو یمن اور یمنی عوام کے خلاف جنگ و جارحیت کے مقابلے میں ایک مضبوط قلعہ ثابت ہوئی ہے انھوں نے کہا کہ انصاراللہ کو دہشت گرد قرار دینے کا امریکی فیصلہ، یمن کی عزت و آزادی اور ارضی سالمیت کے دفاع میں اس ملک کی اعلی سیاسی کونسل اور یمنی عوام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے مزید مضبوط ہونے کا باعث بنے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو نے خبر دی تھی کہ ٹرمپ حکومت نے امریکی کانگریس کو یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کو دہشت گرد گروہ قرار دینے کے اپنے فیصلے سے باخبر کر دیا ہے۔

ٹیگس