Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۴ Asia/Tehran
  • سیکڑوں عراقی قبائلی عوامی رضاکار فورس میں شامل
    سیکڑوں عراقی قبائلی عوامی رضاکار فورس میں شامل

عراق کے صوبہ الانبار کی صوبائی کونسل کے ایک رکن نے کہا ہے کہ اس صوبے کے قبائل کے پانچ سو سے زائد افراد دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کے لیے عوامی رضاکار فورس میں شامل ہو گئے ہیں۔

السومریہ نیوز کے مطابق الانبار کی صوبائی کونسل کے رکن "ارکان خلف الطرموز" نے کہا ہے کہ اس صوبے کے دو قبیلوں البومرعی اور البوغانم سے تعلق رکھنے والے پانچ سو سے زائد افراد نے رضاکار فورس میں شامل ہونے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے-

 ارکان خلف الطرموز نے کہا کہ ان افراد کے رضاکار فورس میں شامل ہونے کا مقصد دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنا، الحبانیہ، المجر، العنکور اور الطاش علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنا اور داعش کو ان علاقوں میں داخل ہونے سے روکنا ہے- انھوں نے اسی طرح سیکورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں شرکت کے لیے قبائلی رضاکاروں کو فوجی تربیت دینے کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا-
 ایک اور رپورٹ کے مطابق عراق کی کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے انچارج سعید مموزینی نے کہا ہے کہ موصل شہر میں نامعلوم افراد نے کھانے میں زہر ملا کر داعش کے بیس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے- ہلاک ہونے والوں میں داعش کا ایک سرغنہ ابو زیدان بھی شامل ہے-

ٹیگس