Oct ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • سیکڑوں دہشت گردوں نے  شامی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے
    سیکڑوں دہشت گردوں نے شامی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے

شام میں سیکڑوں دہشت گردوں نے ہتھیار زمین پر رکھ کے خود کو شامی فوج کے حوالے کردیا ہے۔

العالم ٹی وی کے مطابق شام کے جنوبی شہر درعا میں کم سے کم چار سو پچاس دہشت گردوں نے ہتھیار زمین پررکھ کے خود کو شامی فوج کے حوالے کردیا ہے۔ شام ذرائع کا کہنا ہے ہتھیار ڈالنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور جو کسی جرم کے مرتکب نہیں ہوئے انہیں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کردیا جائے گا۔ روس کے جنگی طیاروں نے شام میں اتوار کو بھی داعش کے مختلف ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔ اسی کے ساتھ روسی صدر کے ترجمان نے شام میں روس کے جنگی طیاروں کے اہداف کے بارے میں مغرب اور اس کے عرب اتحادیوں کے بے بنیاد دعووں اور پروپیگنڈوں کو نفسیاتی جنگ سے تعبیر کیا ہے۔

ایتار تاس نیوز ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کو سوخوئی چونتس ، سوخوئی چوبیس ایم اور سوخوئی پچیس نوعیت کے جنگی طیاروں نے داعش کے دس مراکز اور کیمپوں پر شدید بمباری کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں روس کے جنگی طیاروں نے شام میں داعش کے مراکز پر بیس بار پر حملہ کیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق ادلب کے قریب داعش کی ایک ٹریننگ سینٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔ دوسری جانب روس کے ایوان صدر نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شام کی حکومت کی درخواست پر کئے جارہے ہیں ۔ روس کے ایوان صدر کے چیف آف اسٹاف نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے شام میں روس کے فضائی حملوں کی مخالفت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے فضائی حملے اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف نہیں ہیں۔

ٹیگس