Oct ۰۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
  • شام میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت
    شام میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت

شام کے علاقے حلب میں شامی فوج کے حملے میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شام کے فوجی ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ شامی فوج نے حلب کے مضافات میں پچاس مسلح دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔


سانا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج کے حملے میں دہشت گردوں کی فوجی ساز و سامان کی ایک گاڑی بھی تباہ کردی گئی۔ درعا کے مغربی مضافاتی علاقے حیط میں بھی دہشت گردوں کی ایک گاڑی تباہ اور تین دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔


ادھر روسی جنگی طیاروں نے شامی فضائیہ کے تعاون سے الغاب علاقے کے پہاڑوں میں دہشت گردوں پر شدید بمباری کی اور اس کے بعد شامی فوج کے توپ خانے نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کئے۔ شامی فوج نے لاذقیہ کے مضافاتی علاقے بیت حلیبہ میں دہشت گردوں کا ایک ڈرون طیارہ بھی مارگرایا ہے۔


دریں اثنا شامی رکن پارلیمنٹ سمیر الخطیب نے کہا ہے کہ مغرب دہشت گردی سے مقابلے میں سنجیدہ نہیں رہا ہے بلکہ اس نے دہشت گردی کے خاتمے کے بجائے اس کو عراق اور شام میں فروغ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغرب شامی اتحاد و یکجہتی کو ختم کرنے اور شام کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے درپے ہے لیکن روس نے اس مسئلے کو سمجھ لیا اور شامی فوج کی ہم آہنگی سے مغربی منصوبوں کو نقش بر آب کردیا ہے۔

ٹیگس