Dec ۰۳, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • روس کے وزیر خارجہ  سرگئی لاوروف
    روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف

ترکی داعش سے چوری کا تیل خریدتا ہے، روس سلامتی کونسل میں ثبوت و شواہد پیش کرے گا۔

روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو داعش کے ہاتھوں ترکی کے لئے تیل کی اسمگلنگ کے ثبوت و شواہد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کرے گا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس نے عالمی برادری کو بارہا اس حقیقت سے آگاہ کیا ہے کہ داعش شام و عراق کے مقبوضہ علاقوں سے تیل نکال کر ترکی سمیت دیگر ملکوں کو بھیج رہا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ تیل کی اسمگلنگ کے ثبوت و شواہد کا باضابطہ طور پر اعلان کیا جائے گا اور متعلقہ ملکوں نیز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کئے جائیں گے۔ سرگئی لاوروف نے ترکی کے اس دعوے کو کہ انقرہ نے روس کو داعش کے خلاف اتحاد قائم کرنے کی پیش کش کی ہے، بے بنیاد قراردیا۔

انہوں نے شام کے ساتھ متصل ترکی کی سرحدیں بند کئے جانے پر زور دیا اور کہا کہ ترکی کی سرحدوں کا بند کیا جانا ترکی سے شام میں دہشتگردوں کی دراندازی روکنے کےلئے نہایت ضروری ہے۔ روس کے حکام نے حالیہ ہفتوں میں ترک حکام پر داعش دہشتگرد گروہ کی حمایت اور اس گروہ سے چوری کا تیل خرید کر اسے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان فراہم کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔

ادھر عراق کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اگر داعش کے تیل کی اسمگلنگ میں ترکی کا ملوث ہونا ثابت ہوجائے تو عراقی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے انقرہ کی شکایت کرے گی۔

ٹیگس