Dec ۲۲, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • شام: سو سے زیادہ دہشت گرد ہلاک

شام میں دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کا ملک گیر آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ تازہ آپریشن میں سو سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

دمشق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حلب، ادلب ، حما اور دمشق کے مضافات میں شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کے مشترکہ آپریشن میں کم سے کم نوے دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سیریا آن لائن کے حوالے سے ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حمص کے مضافات میں جبہۃ النصرہ اور داعش کے دہشت گردوں کے ایک اجتماع پر فوج کے حملوں میں بھی درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

اسی کے ساتھ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے رپورٹ دی ہے کہ حمص کے جنوب مشرق میں داعش کے زیرکنٹرول دو علاقوں الحدث اور حوارین پر شامی فضائیہ کے حملے میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پالمیرا شہر کے مضافات میں بھی داعش کے زیر کنٹرول شریفہ، غنیمان، اور طفحہ غزیلہ نامی علاقوں پر بھی شامی فضائیہ کے حملوں میں درجنوں دہشت گردوں کے مارے جانے کی رپورٹ ہے۔

حمص کے شمال میں واقع تیرمعلہ نامی دیہی علاقے اور ضلع رستن کے ام شرشوح نیز المشجر نامی علاقوں پر شامی افواج کے حملوں میں بھی تکفیری دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے بہت سے دہشت گرد مارے گئے ۔

شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستوں نے اسی طرح دمشق کے مضافات میں واقع مشرقی اور مغربی غوطہ میں ا پنے آپریشن میں کم سے کم انتالیس دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے جنگی وسائل کو تباہ کردیا ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے اسی طرح اردن اور عراق کی سرحدوں کے نزدیک داعش کے لئے اسلحے اور دیگر وسائل کی سپلائی کے اہم راستوں کو کاٹ دیا ہے۔

اسی کے ساتھ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ادلب اور حما کے مضافات میں جیش الاسلام اور جیش الفتح نامی تکفیری دہشت گرد گروہوں کے بتیس دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں ۔

ادھر شام میں دہشت گردی میں مصروف تکفیری دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ نے خان طومان نامی علاقے میں اپنے ایک دہشت گرد کمانڈر خطاب الانصاری کے اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ ہلاک ہوجانے کی تصدیق کی ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شام کی فضائیہ نے حلب کے شمالی مضافات میں واقع علاقے شربع میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے اس گروہ کو زبردست جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔

لبنان کے المیادین ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ حلب کے جنوبی مضافات کا ستر فیصد علاقہ شامی افواج نے دہشت گردوں سے آزاد کرا کے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق خان طومان اور العجمی جیسے اسٹیریٹیجک اہمیت کے علاقوں کی آزادی سے شامی افواج کے حوصلے کافی بلند ہوگئے ہیں۔

ٹیگس