May ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran

رہبرانقلاب اسلامی نے انیس مئی کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ انتخابات کے اصل فاتح عوام اور اسلامی جمہوری نظام ہیں۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کوعوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کے دوران جمعے کو ہونے والے صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کو ایرانی عوام کا عظیم قومی جشن اور دنیا والوں کے سامنے اسلامی جمہوریت کا خوبصورت اور نئے نظرئیے کا حامل جلوہ قراردیا۔انہوں نے پولنگ اسٹیشنوں پرعوام کی وسیع شرکت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ جمعے کو ہونے والے الیکشن میں ووٹ کسی بھی امیدوار کو ملیں اصل جیت اور کامیابی ایرانی عوام اور اسلامی جمہوری نظام کی ہوگی ۔

سترہ مئی بروز بدھ عوام کے مختلف گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے رہبر انقلاب سے ملاقات کی۔

 

رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے انتخابات کو عالمی سیاستدانوں کے سامنے اسلامی جمہوریت کے نئے نظریات کا حامل خوبصورت اور دلکش جلوہ بتایا اور فرمایا کہ اسلامی جمہوری نظام اور امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے دینی جمہوریت کو عصر حاضر کے بشری معاشرے کے سامنے پیش کیا اور ایرانی عوام جمعے کو اس نئے نظرئے کا شاندار جلوہ ایک بار پھر دنیا والوں کے سامنے پیش کریں گے۔رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جمعے کو ایران میں ہونےوالے انتخابات پر امریکا و یورپ کے حکام، علاقے میں امریکی پالیسیوں کی پیروی کرنے والی حکومتوں اور صیہونی حکام کی گہری نظر ہوگی اور وہ دیکھیں گے کہ ایران کے عوام کس طرح، کس جذبے کے تحت اور کس وسیع پیمانے پرانتخابی میدان کے عمل میں اتریں گے۔آپ نے مغربی ایشیا اور شمالی افریقا کے علاقوں میں پائی جانےوالی بدامنی کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ اس پرآشوب ماحول میں خداوندعالم کے لطف و کرم سے اسلامی جمہوریہ ایران میں مکمل طور پر امن و استحکام برقرار ہے اور ایران میں انتخابات کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔

 

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آزادانہ اور انتخابی مقابلوں سے سرشار انتخابات کے انعقاد کو علاقے کی ان قوموں کے لئے جن کی حکومتیں امریکا کے زیر تسلط ہیں ایک خواب بتایا اور فرمایا کہ انتخابی میدان اور پولنگ اسٹیشنوں پر ایرانی عوام کی شرکت اسلامی جمہوری نظام سے عوام کے اعتماد اور وفاداری کی علامت ہے۔

ٹیگس