Sep ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل پر تاکید

پاکستان کے وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی ذرائع شاهد خاقان عباسی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل پر تاکید کی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کے وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی ذرائع شاهد خاقان عباسی نے سینیٹروں سے گفتگو کے دوران ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے مقصد سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے سلسلے میں ایک نئی حکمت عملی وضع کرنے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اسلام آباد نے چین کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور چین کی ایک کمپنی بہت جلد اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

پاکستان کے وزیر پیٹرولیم و قدرتی ذخائر کا کہنا تھا کہ نئی حکمت عملی کے تحت پاکستان کے علاقے گوادر میں توانائی کا ایک ٹرمینل تعمیر کیا جائے گا اور اسے سات سو کلو میٹر لمبی گیس پائپ لائن کے ذریعے نواب شاہ شہر کے ساتھ ملا دیا جائے گا۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ اس گیس پائپ لائن کے ذریعے ایران سے پاکستان گیس منتقل کرنے کے لئے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ پاکستانی وزیر پیٹرولیم نے رواں سال کے اوائل میں کہا تھا کہ چین کی کمپنی چائنہ پیٹرولیم پائپ لائن بیورو کے ساتھ تقریبا تین ارب ڈالر مالیت کے ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ یہ کمپنی پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع گوادر پورٹ سے صوبہ سندھ میں واقع نواب شاہ کے علاقے تک گیس پائپ لائن بچھائے گی۔ شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ گوادر پورٹ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی سرحد تک گیس پائپ لائن بچھانے کا کام دو پاکستانی کمپنیاں انجام دیں گی۔

ٹیگس