Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۱:۴۰ Asia/Tehran
  • نیویارک میں جواد ظریف اور سرتاج عزیز کی ملاقات
    نیویارک میں جواد ظریف اور سرتاج عزیز کی ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے مشیر خارجہ نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور خارجہ امور میں پاکستانی و‏زیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستّرویں اجلاس کے موقع پر ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق جواد ظریف اور سرتاج عزیز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی و عالمی مسائل اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران سے خاص طور پر بجلی اور گیس کی برآمدات نیز علاقے کے مسائل کے بارے میں صلاح و مشورہ بھی کیا گیا۔

 ایران کے وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر قبرس کے وزیر خارجہ لوانیس کاسولیدس سے بھی ملاقات کی اور علاقے کے اہم مسائل کے بارے میں دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست صلاح و مشورے پر تاکید کی-

اس ملاقات میں وزیرخارجہ جواد ظریف نے امید ظاہر کی کہ قبرس ، شام و یمن کے بحران اور دوسرے مسائل کے حل کے لئے یورپی یونین میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

 اس ملاقات میں قبرس کے وزیر خارجہ نے ویانا مذاکرات کے نتائج کو ایران اور دنیا کے تمام ممالک کے لئے اہم قرار دیا اور بحران شام کے سیاسی حل کی غرض سے ایران اور قبرس کے درمیان صلاح و مشورے کا عمل جاری رکھنے پر زور دیا۔

ٹیگس