Dec ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • نام نہاد سعودی اتحاد میں شامل ہونے پر تحریک انصاف کی حکومت پاکستان پر شدید تنقید
    نام نہاد سعودی اتحاد میں شامل ہونے پر تحریک انصاف کی حکومت پاکستان پر شدید تنقید

پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف بننےوالے نام نہاد اتحاد میں شامل ہونے پر حکومت پاکستان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسملبی شیریں مزاری نے سعودی عرب کے زیرقیادت بننےوالے نام نہاد اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اتحاد سے عالم اسلام میں مسائل اور اختلافات پیدا ہو سکتے ہیں۔ شیریں مزاری نے سعودی عرب کی قیادت میں بننےوالے اس نام نہاد اتحاد کا واشنگٹن کی طرف سے خیر مقدم کئے جانےکا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے بھی اس اتحاد کو ایک سنی اتحاد کا نام دیا ہے اس کا مطلب یہ ہےکہ یہ اتحاد عالم اسلام میں اختلاف اور تفرقہ پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ اندیشہ پایا جاتا ہے کہ سعودی عرب نے یہ نام نہاد اتحاد اسلامی جمہوریہ ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے بنایا ہو اور اس عمل میں پاکستان کی شمولیت تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سعود ی عرب نے حقیقی معنوں میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اتحاد بنایا ہوتا تو اس اتحاد میں ایران کا کلیدی کردار ہونا چاہئے تھا۔

اس سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ سعودی عرب کی سرکردگی میں بننےوالے نئے اتحاد میں پاکستان کی شمولیت خود پاکستان کے اندر اختلاف اور تفرقہ کی آگ کو بھڑکا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے اپنے ایک عجیب و غریب اقدام کے تحت چونتیس ملکوں کی، جن میں بیشتر مسلم ممالک ہیں ایک فہرست جاری کی ہے اور دعوی کیا ہے کہ یہ ممالک دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سعودی عرب کے اتحادی ہیں۔

سعودی عرب نے اپنے اتحادیوں کی یہ فہرست ایک ایسے وقت جاری کی ہے جبکہ ان میں سے بہت سے ممالک ایسے ہیں جن سے سعودی حکومت نے اس سلسلے میں کوئی بات تک بھی نہیں کی اور ان ملکوں کو خود بھی سعودی عرب کا اتحادی بننے کا علم نہیں ہے -

ٹیگس