Apr ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۳ Asia/Tehran
  • عمران خان نے نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کردیا

پاکستان کی دوسری بڑی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیراعظم کے استعفے کا باضابطہ مطالبہ کیا ہے

اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں میڈیا کے نمائندوں کے سامنے پاکستانی قوم سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے وزیراعظم میاں نواز شریف پر پاناما لیکس کے حوالے سے حقائق چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کے کئی ملکوں میں پناما لیکس کا معاملہ اٹھا ہے اور آئس لینڈ کے عوام نے حکمرانوں کے احتساب کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا اشارہ پناما لیکس کے معاملے پر آئس لینڈ کے وزیراعظم کے استعفے کی جانب تھا۔

انہوں نے کہا کہ پناما پیپرز کے بعد، میاں نواز شریف کے پاس حکومت کرنےکا کوئی اخلاقی جواز نہیں بچا۔

عمران خان نے ایک مرتبہ پھر انکوائری کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے تحت کمیشن کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے خطاب کرنے کی اجازت نہ دینے کے معاملے پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزیروں کو پی ٹی وی پر اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تاہم انہیں موقع نہیں دیا گیا۔

عمران خان نے کہا میں قومی رہنما ہوں ، مجھے بھی پی ٹی وی پر مؤقف پیش کرنےکا موقع ملنا چاہئے تھا۔

قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن رہنما کی حیثیت سے عمران خان نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ انہیں قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے پاکستانی قوم سے خطاب کی اجازت دی جائے تاہم حکومت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

ٹیگس