Apr ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • عمران خان، اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے
    عمران خان، اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے بعد نواز شریف کے پاس وزارت عظمیٰ پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا۔

عمران خان کا اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف ماضی میں تو ہمیشہ بچتے رہے لیکن اس دفعہ نہیں بچیں گے۔ انھیں اقتدار چھوڑ کر جانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کے احتساب سے جمہوریت مضبوط ہو گی لیکن دھاندلی یا کرپشن کی بات کرو تو ان کی جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم حکمرانوں کا احتساب کریں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کسی صورت وزیراعظم کے کمیشن اور اس کے ٹی آر اوز کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔ ہم پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم وہ کمیشن چاہتے ہیں کہ جس میں عالمی فورنزک ماہرین شامل ہوں۔ اُمید ہے کہ رائیونڈ مارچ سے پہلے میاں صاحب فیصلہ کر لیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس کی سازش عمران خان نے نہیں کی اس میں آپ کا اور آپ کے خاندان کا نام آیا ہے اور اس کا جواب آپ کو دینا پڑے گا۔ انہوں نے آئندہ ہفتے لاہور آکر نیا لائحہ عمل دینے کا بھی اعلان کیا۔

ٹیگس