May ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان امریکہ تعلقات جمود کا شکار ہیں: آصف علی زرداری

پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات جمود کا شکار ہیں۔

میڈیا کے لیے لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایف سولہ طیاروں کی فنڈنگ روکنا دونوں ممالک کے تعلقات میں خرابی کا ثبوت ہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے مطابق دو طرفہ بیانات سے بھی لگتا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات جمود کا شکار ہیں۔

پاکستان کے سابق صدر کے بیان میں آیا ہے کہ امریکہ نے گیارہ ستمبر کے واقعے کے بعد پوری قوت کے ساتھ افغانستان میں طالبان کے خلاف کارروائی کی، لیکن پندرہ سال بعد طالبان پہلے سے زیادہ مضبوط نظر آتے ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا مل کر ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ امریکی کانگریس نے چند ہفتے پہلے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے لیے امدادی پیکیج فراہم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ حکومت امریکہ کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان حقانی نیٹ وک کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کرتا اسے دفاعی تعاون کی مد میں امدادی رقم فراہم نہیں کی جائے گی۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایف سولہ طیاروں کی ضرورت ہے۔

ٹیگس