May ۱۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال جاری

پاکستان میں اہم شخصیات کی ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال بدھ کو چھٹے روزبھی جاری رہی-

مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ بھوک ہڑتال صرف شیعہ مسلمانوں کی ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف نہیں ہے بلکہ دیگر مسالک اور اہل سنت حضرات کی ٹارگیٹ کلنگ کے خلاف بھی ہے-

انہوں نے کہا مذہبی اور فکری آزادی کو سلب نہیں کیا جانا چاہئے - ان کا کہنا تھا کہ ہرمکتب فکر کو اپنے افکار و نظریات آزادانہ طریقے سے بیان کرنے کی اجازت ہونی چاہئے-

مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پورے پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگیٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے اور امام حسین علیہ السلام کی عزاداری پر بھی حکومت پابندی عائد کررہی ہے-

پاکستان کی مختلف جماعتوں کے رہنماؤں خاص طور پراہل سنت کے رہنماؤں نے علامہ ناصرعباس جعفری سے ملاقات کی اور ان کے موقف کی حمایت کا اعلان کیا ہے- واضح رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری نے جمعے سے بھوک ہڑتال کررکھی ہے جب حکومت کی جانب سے پارا چنار میں تین شعبان المعظم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جشن ولادت میں شرکت کے لئے جانے والے کچھ علما کو وہاں جانے سے روک دینے کے بعد علاقے کے شیعہ مسلمان مظاہرین اورسیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں -

ٹیگس