Jun ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان بھر میں یوم شہادت علی(ع) پرعزاداری اور جلوس عزا

مولائے متقیان حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر پاکستان بھر میں جلوس ہائے عزا برآمد کیے جارے ہیں۔

ہمارے نمائندوں کے مطابق کراچی میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر نشتر پارک سے برآمد ہونے والا جلوس عزا ایم اے جناح روڈ پر رواں دواں ہے۔ اس موقع پر جلوس کے شرکا نے امام بارگاہ علی رضا کے قریب باجماعت نماز ظہرین بھی ادا کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ جلوس اپنے روایتی راستے سے ہوتا ہوا شام کو حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

لاہورمیں یوم شہادت حضرت علی (ع) کے موقع پر مرکزی ماتمی جلوس مبارک حویلی سے برآمدکیا گیا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں روزہ دار شریک ہیں۔ مختلف انجمنیں نوحہ خوانی اور سینہ کررہی ہیں۔ یہ جلوس اپنےمقررہ راستوں پرانی کوتوالی،سنہری مسجد،رنگ محل،سید مٹھابازار،ٹبی سٹی اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتاہوا شام کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا۔

ملتان میں یوم شہادت کے سلسلہ میں بارہ ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں،جبکہ مرکزی ماتمی جلوس کاشانہ حیدر سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز ظہرین کے بعد کاشانہ شبیر لال کرتی پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔ ملتان میں ایک اور بڑا ماتمی جلوس امام بارگاہ ناصرآباد سے نماز ظہر کے بعد برآمد ہوا ہے جو رات نو بجے آستانہ لال شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

کوئٹہ میں یوم شہادت علی (‏ع) کے حوالے سے ایک بڑا ماتمی جلوس ہزارہ ٹاون سے نکالا گیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا علی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ جبکہ علمدار روڈ پر عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پشاور اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پرجلوس ھائے عزا برآمد کیے جارہے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔ تاحال پاکستان کے کسی بھی علاقے سے کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ٹیگس