Jul ۰۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  •  پاکستان کی جانب سے ڈھاکہ حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ہندوستانی میڈیا کی جانب سے ڈھاکہ حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی میڈیا کے الزامات افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ڈھاکہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بنگلہ دیشی عوام اور ان کی حکومت سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بنگلہ دیشی وزیراعظم کے مشیر خارجہ پروفیسر گوہر رضوی کی جانب سے جاری بیان کا ذکر کیا، جس میں انھوں نے ڈھاکہ حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے حوالے سے ان سے منسوب بیان کی تردید کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی میڈیا نے گذشتہ روز ایسی خبری جاری کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات حسن الملک اور وزیر اعظم کے مشیر گوہر رضوی نے ڈھاکہ حملوں کا ذمہ دار پاکستان اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو ٹھہرایا ہے۔

ٹیگس