Jan ۲۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج

مجلس وحدت مسلمین اور شیعہ علماء کونسل پاکستان نے آج جمعہ کو پاراچنار اور کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے سانحات کے خلاف یوم احتجاج اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین  سندھ کے جنرل سکیریٹری علامہ مقصود علی ڈومکی نے لاڑکانہ  میں کہا کہ پاراچنار اور کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے سانحات کے خلاف جمعہ 27 جنوری کو یوم احتجاج اور یوم سیاہ منایا جائے گا۔ گذشتہ کئی دہائیوں سے وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، دہشت گردوں کے ہاتھوں اب تک 80 ہزار پاکستانی شہری شہید ہوچکے ہیں۔

در ایں اثناء شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو روز میں تین بے گناہ شیعہ نوجوانوں کو دن دیہاڑے ٹارگٹ کرکے قتل کرنا انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی ہے، حکومت دہشت گردی کو ختم کرنے میں ناکام نظر آتی ہے، کراچی سے پاراچنار تک دہشت گرد بغیر کسی خوف کے اپنی وحشیانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایک بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ ملک بھر میں کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے دہشت گرد کھلم کھلا ملت جعفریہ کی نسل کشی میں مصروف عمل ہیں، حکومت کی خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت ملت جعفریہ کی نسل کشی روکنے میں دہشت گردوں کے آگے ناکام نظر آتی ہے، چند مٹھی بھر دہشت گرد قیام امن کے لئے سوالیہ نشان بن گئے ہیں اور روزانہ دہشت گردی کرکے ریاست کو چیلنج کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین نہیں، یہ پاکستان کے پرامن شیعہ اور سُنی بھائیوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ یعقوب شہباز کا مزید کہنا تھا کہ شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے بروز جمعہ 27 جنوری سندھ بھر میں شیعہ نسل کشی کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرے ہونگے، کراچی میں مرکزی مظاہرہ کھارادر خوجہ مسجد کے باہر کیا جائے گا۔

 

ٹیگس