Jan ۳۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • محمد زبیرنئےگورنر سندھ مقرر

پاکستان کی وفاقی حکومت نے وزیر مملکت اور چیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیرعمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورچیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیرعمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا جس کی سمری پر صدر مملکت ممنون حسین نے دستخط کردیئے ہیں۔

دوسری جانب محمد زبیرعمر کا کہنا تھا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اسی لیے کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔

درایں اثناایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحق نے شکویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ نامزد کرنے سے متعلق نہ تو ہم سے پوچھا اور نہ ہی ہمیں اعتماد میں لیاگیا ۔

واضح رہےکہ 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے۔

سندھ کے نئے گورنر زبیرعمر تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر کے بڑے بھائی ہیں۔

 

ٹیگس