Feb ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۵ Asia/Tehran
  • مذہب اورسیاست کے نام پرنوجوانوں کو گمراہ کرنے کی مذمت

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔

کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹروے سیکشن ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تعمیر وطن کے سفر میں آج ایک نیاسنگ میل عبور کرنے جارہے ہیں، کراچی حیدر آباد موٹر وے کا افتتاح بھی اس سلسلے کی کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی حیدرآباد موٹروے پر60 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ آج لوگ اپنی آنکھوں سے ایک نیا پاکستان تعمیر ہوتا دیکھ رہے ہیں، ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، ان کے اخلاق کو برباد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، عوام جانتے ہیں کہ یہ لوگ نوجوانوں اور قوم سے مخلص نہیں ہیں لہذا ہمیں اپنی  نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ آج کچھ لوگ کہتے ہیں سڑکوں کی کیا ضرورت ہے تاہم چارٹر طیاروں  پر اڑنے والوں کو سڑکوں کی ضرورت نہیں، اس موٹر وے کی ضرورت عوام کو ہے، مزدوروں اور کسانوں کو سڑکوں کی ضرورت ہے، جو لوگ ہیلی کاپٹر اور چارٹر طیاروں میں اڑتے ہیں ان کوسڑکوں کی اہمیت کا کیا پتا لہذا طیاروں میں سفرکرنے والے دیکھیں کہ عوام کو سڑکوں کی کتنی ضرورت ہے۔

خطاب کے دوران نوازشریف کا کہنا تھا کہ بجلی جو پاکستان سے روٹھ گئی تھی اب تیزی کے ساتھ دوبارہ واپس آرہی ہے ہم اس کو پاکستان میں واپس لائے ہیں 2018 ءتک مکمل طور پر لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ہم 10 ہزار میگاواٹ کا بجلی کا منصوبہ لا رہے ہیں۔کوئلے کے کارخانے بنا رہے ہیں،ایل این جی سے بجلی بنانے والے کارخانے بنا رہے ہیں،سولر پاور پلانٹ،ونڈ مل بنا رہے ہیں۔بھاشا ڈیم 4500 میگاواٹ بجلی فراہم کرے گا۔ بھاشا ڈیم کاشتکاروں کی زمینوں کو سیراب کرے گا ،منگلا اور تربیلا سے بھی بڑے ڈیم کی زمین 100 ارب خرچ کرکے خریدی گئی ہے۔

نواز شریف نے دھرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دھرنوں کے لئے وقت نہیں ہے دھرنے والے دھرنے کرتے رہیں اورہم اپنا کام کرتے رہیں گے لوگوں کوپتہ چلتا رہے گا کون دھرنے والے اور کو ن ترقی والے ہیں ۔

 

ٹیگس