Feb ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: برفانی تودے گرنےسے14 افراد جاں بحق

خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال میں شدید برفباری کے بعد 20گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ برفانی تودے میں مزید کئی افراد دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے مقامی لوگ اور انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چترال میں کریم آباد کے علاقے شیر شال میں گزشتہ رات 20گھروں پر برفانی تودہ گر گیا جس کے نیچے سے اب تک 14 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔

کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 6خواتین، 6بچے اور2مرد شامل ہیں ۔

چترال میں بہت زیادہ برفباری کے باعث سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت برفانی تودے میں دبے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ انتظامیہ کے بھی کچھ لوگ امداد ی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی شدید برفباری سے عوام مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں اور سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنس چکی ہیں۔

 

ٹیگس