Feb ۱۶, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج

مجلس وحدت مسلمین نے شیعہ مسلمانوں کی جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کل بروز جمعہ پاکستان اور کشمیر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامدرضا، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مجلس وحدت مسلمین کشمیر کے جنرل سیکریٹری علامہ تصور جوادی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان پر حملہ ان تکفیری گروہوں کا کام ہے جو نہیں چاہتے کہ مسلمانوں کے مابین اتحاد و حدت ہو۔

در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک علی موسوی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنماؤں علامہ سید حسن رضا ہمدانی، سید حسین زیدی، نجم الحسن، سید حسن کاظمی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار، پنجاب، سندھ اور کشمیر کی پُرامن وادی میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کا سبب ریاستی اداروں کی جانب سے تکفیری دہشتگردوں کیخلاف نرم رویہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے میں دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست کامیاب ہو چکے ہیں، علامہ تصور جوادی کشمیر میں اتحاد امت کے داعی اور ملک دشمنوں کیخلاف متحرک رہنما ہیں ان پر حملہ کشمیر کے جدوجہد پر حملہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ دہشتگردوں کی سزاوں پر عملدرآمد روک کر نااہل حکمرانوں نے دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ کو سیاسی قیادتوں نے مصلحت پسندی کی نذر کرکے ملک و قوم کیساتھ سنگین خیانت کی ہے، ملک بھر میں دہشگردوں کی نرسری کالعدم جماعت کے لوگ ان کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست آزاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نام پر دہشتگرد مخالف قوتوں کو ملک کے طول و عرض میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک چائنہ اقتصادی راہداری کو اسلام کیخلاف سازش قرار دینے والے ملاؤں کیخلاف حکومتی و ریاستی اداروں کی خاموشی اس بات کی غمازی ہے کہ دہشتگردوں کے سیاسی سرپرستوں کے سامنے تمام ادارے بے بس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ میں حکمران ناکام ہو چکے ہیں، حکمران اور ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور غیرریاستی عناصر کیخلاف فوری بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کریں بصورت دیگر یہ دہشتگردی کا ناسور سب کچھ ختم کرکے رکھ دے گا۔

علامہ مبارک موسوی نے کہا کہ علامہ تصور جوادی اور انکی اہلیہ پر قاتلانہ حملہ، لاہور مال روڈ خودکش حملہ، ساہیوال میں ڈاکٹر قاسم علی تنویر کی شہادت، حیات آباد پشاور میں ہونیوالی بربریت، کراچی و کوئٹہ میں آئے روز شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور ملک میں سیکیورٹی اداروں کی واضح ناکامی کیخلاف بعداز نماز جمعہ یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ کل پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کےمجلس وحدت المسلمین کےجنرل سیکریٹری علامہ تصورجوادی پر دہشتگردوں نے جہلم ویلی روڑ پر پیما ہسپتال کے قریب فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اس حملے میں ان اہلیہ بھی زخمی ہوئیں۔

 

ٹیگس