Feb ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 39 دہشت گرد ہلاک

پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز نے تخریب کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر کے چند گھنٹوں کے دوران 39 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں ایک گھنٹے کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ کراچی میں منگھوپیر کے علاقے زیارت میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کے قبضے سے آٹو میٹک مشین گن اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کا قافلہ سیہون میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد واپس آ رہا تھا کہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے قافلے پر حملہ کردیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ رینجرزکی مزید نفری کاٹھور روانہ کردی گئی ہے۔

اورکرزئی اجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 6 شدت پسند ہلاک ہوئے جب کہ پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال میں سیکورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برامد ہوئی۔

گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر سیکورٹی فورسزکی فائرنگ سے ہلاک اور ایک دہشت گرد زخمی بهی ہوا جسے اُس کے ساتهی ہمراہ لے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برامد ہوا۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل میں پولیس وین پر فائرنگ کرکے 4 اہلکاروں سمیت 5 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

لاہورمیں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

سرگودھا میں بھی پولیس اور سینڑل ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں اسکیم میں ایف سی اور پولیس نے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا تو شدت پسندوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایف سی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

 

ٹیگس