Feb ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • عمران خان: پاناما کیس پرہرفیصلہ قابل قبول

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس پر جو بھی فیصلہ آئے گا ہم اسے قبول کریں گے اور عدالت کے خلاف نہیں جائیں گے۔

پاناما لیکس کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم نے عدالت اور ججز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہمیں اپنی عدلیہ پر فخر ہے، ہم نے اس معاملے میں اپنی جانب سے انصاف کے حصول کی بھرپور کوشش کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاناما کیس کے معاملے پر اگر آواز نہ اٹھائی جاتی تو شاید یہ ختم ہو جاتا لیکن میں نے اور میری پارٹی نے ملک کے لیے ایک کوشش کی، اس سلسلے میں پہلے ہم اسمبلی گئے جہاں ہم نے دیکھا کہ ہمارے ساتھ مذاق ہو رہا ہے تو ہم نے سڑکوں پر نکل کر جدوجہد کی۔

عمران خان کے مطابق اسلام آباد میں ان کی جماعت کے پرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد پی ٹی آئی سپریم کورٹ پہنچی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت مکمل ہونے کے بعد جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم 5 رکنی لارجز بینچ نے 23 فروری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

 

ٹیگس