Mar ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • سردمہری پاک افغان تعلقات کے فروغ کیلئے نقصان دہ

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں پائی جانے والی سردمہری پاک افغان تعلقات کے فروغ کیلئے سودمند نہیں ہوگی ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کے زیرصدارت اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بتدریج نرمی لانے کا فیصلہ کیا ہے، آنے والے دنوں میں سرحدیں کھولنے سمیت دیگر اقدامات متوقع ہیں، قیادت نے قرار دیا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں نرمی لائی جائے، زیادہ دیر تک تعلقات میں سرد مہری دونوں ملکوں کیلئے سودمند نہیں ہو گی ۔

ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ افغانستان کیساتھ تعلقات معمول پر لائے جائیں تاہم یہ کام مرحلہ وار اور افغان حکومت کے رویہ سے مشروط ہو گا ، پہلے مرحلہ میں جزوی طور پر سرحد کھولی جائے گی ، افغانستان کی حکومت کے رویہ اور سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے گا ، افغان حکومت کی طرف سے خطے میں دہشتگردی روکنے کیلئے اقدامات ، دہشتگردوں کو پاکستان کے حوالے کرنے سمیت دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر افغانستان کے ساتھ تعلقات کیلئے نئی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ فروری کے مہینے میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاک-افغان تعلقات کشیدہ ہو گئے اس لئے کہ پاکستان کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگرد افغانستان سے آ کر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔ افغانستان اس قسم کے الزامات کی تردید کرتاہے۔

 

ٹیگس