Mar ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • پیپلز پارٹی کے رہنما فائرنگ سے ہلاک

پیپلز پارٹی کے رہنما بابرسہیل بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔

لاہور کے علاقے مناواں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بابرسہیل بٹ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔  کہا جا رہا ہے کہ بابر سہیل بٹ گھرمیں بیٹھے کھانا کھا رہے تھے کہ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر پہلے ان کے محافظوں کے کمرے کو لاک کیا اور پھر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے تاہم انہیں شدید زخمی حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ فائرنگ کے بعد اہل علاقہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا جب کہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سروسز اسپتال سے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مقتول کے گھر اس وقت داخل ہوئے جب وہ کھانا کھا رہے تھے جب کہ ملزمان نے پہلے ان کے محافظوں کے کمرے کی باہر سے کنڈی لگائی جس کے بعد ان پر گولیاں برسائیں۔ پولیس کے مطابق بابرسہیل پر حملہ ممکنہ طور پر مخالفین کی جانب سے کیا گیا ہے کیوں کہ دونوں گروپوں کے درمیان پہلے بھی کئی بار تصادم ہوچکا ہے۔

دوسری جانب مقتول کے اہلخانہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بابرسہیل بٹ کے قتل میں ان کے محافظ ملوث ہیں جنہوں نے ان کی مخبری کی تھی جب کہ خاص طور پر اہلخانہ نے گارڈ عارف عرف عاتی پر مخبری کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  پیپلزپارٹی لاہور ڈویژن کے آج  ہونے والے اجلاس میں ممکنہ طور پر بابربٹ کو لاہور ڈویژن کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا جانا تھا اور وہ اس عہدے کے لئے مضبوط امیدوار تھے تاہم واقعے کے بعد پارٹی نے آج ہونے والے امیدواروں کے انٹرویوز ملتوی کردیئے۔ ادھر پیپلز پارٹی نے بابرسہیل بٹ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس